پاکستان سے ہمارے مصنفین

پاکستان میں الله کی نعمتیں

Pakistan

اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے مگر جس نعمت سے ہم بہت زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں ان میں زرخیز زمین ،میدانی ،پہاڑی ، ساحلی اور صحرائ علاقے جہاں مختلف اقسام کی مٹی ميں مختلف اقسام کی فصل کاشت کی جاسکتی ہے ۔ سردوگرم موسم جو بہترین فصل کےلئے مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔دریاؤں،قدرتی آ بشار اور جھیلوں کے صاف اور میٹھے پانی کی فراوانی
الحمداللّٰہ ہمارے زرعی سائنسدانوں کی انتھک محنت اور اللہﷻ کے فضل وکرم سے وہ پھل ، سبزیاں ، اناج اور میوہ جات بھی کاشت کئے جانے لگے ہیں جو ہمارے ملک میں مہنگے اور باہر کے پھل تصور کئے جاتے تھے ۔ان میں بے شمار فوائد ہونے کے باوجود یہ پھل چند سال قبل تک عوام کی پہنچ سے دور تھے۔

اسٹرابیری:

دیدہ زیب ، خوش رنگ اور خوشبودار نازک پھل جس کے لال رنگ پہ ہری ٹوپی خوب جچتی ہے ۔اس کے بیج اوپر کی جانب ہوتے ہیں اور گودا اندر ہوتا ہے ۔ مٹھاس اور معمولی ترش ذائقے کا یہ پھل امریکہ ، ترکی ، اسپین ، مصراور جنوبی کوریا میں زیادہ پایا جاتا ہے ۔1951 ء سے پاکستان میں بھی اس کی افزائش پہ کام شروع کیا گیا اب یہ پاکستان کی اہم فصل ہے جس کو برآمد بھی کیا جارہا ہے ۔ سرد مرطوب موسم سے لے کر سرد ترین موسم تک اس فصل کو تیار کیا جاتا ہے۔مارچ اپریل میں اس کی پیداوار اپنے عروج پہ ہوتی ہے اور اس کی ہول سیل قیمت 50 روپے تک جا پہنچتی ہے جبکہ بڑے شہروں میں 100سے 120 روپے پر کلو کے حساب سے دستیاب ہوتا ہے۔ایک سیزن میں ایک ایکڑ پر اسکی کاشت ایک لاکھ مالیت کی متوقع ہوتی ہے ۔پاکستان میں منگورہ ،سوات ،گھوٹکی ،پنوں عاقل ، رانی پور ، گلگت ، چترال ،کاغان ، ملتان اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں اسکی کاشت ہوتی ہے۔
استعمال :
آم، کیلا اور ونیلا کے ساتھ بہت پسند کئے جانے والا ذائقہ اسٹرابیری کا ہے ۔اس کی آئس کریم ،جام، جیلی ، کیک ، ملک شیک ، ٹافی اور مختلف اقسام کی میٹھی ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔ علاج کے لیے بھی کام آتی ہے ۔چہرے کی دلکشی کو بڑھانے اور برقرار رکھنے کے لئے بیوٹی پراڈکٹس کی تیاری میں بھی استعمال ہوتی ہے ۔ اس کا ماسک جھریوں سے بچاؤ میں بھی معاون ہے ۔ یوں تو یہ تازہ پھل بھی خوب ہے۔
افادیت :
قوت مدافعت کو بہتر کرتی ہے ۔ اس میں موجود اینٹی آکسائڈ یورک ایسڈ کو کم کرتا ہے جو خون میں شامل ہو کر بھوک ختم کر دیتا ہے اسلئےجنھیں بھوک نہ لگتی ہو وہ اس کا استعمال کر سکتے ہیں ۔یہ جسم کی سوجن اور ورم کو دور کرتی ہے۔ جوڑوں کے امراض میں بھی مفید ہے ۔امراض چشم کے لئے بھی قابل بھروسہ ہے ۔ اس میں موجودہ میگنیشم دانتوں اور ہڈیوں کی کمزوری کو دور کرتا ہے ۔یاداشت کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے ۔وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ دل کے امراض کے لئے بھی کارگر ہے ۔اس میں موجود ریشے یعنی فائبر نظام انہضام کو بھی درست رکھتا ہے ۔

کیوی :
3انچ لمبا مرغی کے انڈے کے جیسا تقریباً 4 اونس کا یہ پھل اپنے خوبصورت ہرے رنگ سے انوکھی بہار دکھلاتا ہے ۔ جس کے درمیان میں موجود کالے بیج اس کے روپ کو نکھارتے ہیں فروٹ چارٹ ہو یا فروٹ سلاد کیوی ممتاز نظر آتی ہے ۔میٹھا ، کھٹا ، تیز اور ترش ذائقے کا یہ پھل بیک وقت لیموں ، کینو اور اسٹرابیری کا ذائقہ دے گا ۔بنیادی طور پر یہ چین سے تعلق رکھتا ہےجس کو لوگ علاج کے لیے استعمال کرتے تھے 1904 میں نیوزی لینڈ کے ایک تحقیقی استاد اسے اپنے ساتھ لے گئے جہاں اس کی افزائش سے متعلق تحقیق شروع ہوئ اور 1920 میں کامیابی ہوئ اور 1930 میں اس کو باقاعدہ طور پر بطور پھل مارکیٹ میں لایا گیا اب اس کی دو تین اقسام دستیاب ہیں ۔پاکستان میں چند سال قبل اس پر کام شروع ہوا ابھی مانسہرہ میں چائے کی کاشت کے لیے موجود زمین پر اس کی افزائش کی جارہی ہے مگر جلد اس کے لیے مناسب مٹی اور موسم والےعلاقے کا انتخاب کیا جاۓ گا اس منصوبہ پہ ڈاکٹر نور اللّٰہ سینئر سائنٹفک آفیسر اور پراجیکٹ انچارج کی زیر نگرانی کام ہو رہا ہے ۔ابھی اس کی پیداوار پاکستان میں بہت زیادہ نہیں مگر امید ہے کہ اگلے چند سالوں میں یہ پاکستان کی اہم فصل ثابت ہو گا۔
غذائی اجزاء :
حیاتین ”سی “ حیاتین ” کے “ حیاتین ” ای“ اور حیاتین ” بی6 “ بھی موجود ہوتا ہے۔
افادیت :
شوگر کو اعتدال میں رکھتی ہے۔
سانس کے مختلف امراض میں مفيد ہے۔
دل کے نظام کو بہتر کرنے میں مدد دیتی ہے
آنکھوں کے نازک عضلات کے انفیکشن کو دور کرتی ہے۔
اس کا استعمال نظام انہضام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
مدافعتی نظام کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس کا استعمال مختلف قسم کے سرطان سے حفاظت کرتی ہے۔
نیند کی کمی کو دور کرتی ہے ۔
حاملہ خواتین کے لیے بے حد مفيد ہے۔
اسٹرابیری اور کیوی بھی عام پھل کی طرح ہوتی ہیں ۔جن میں مختلف اقسام کے وٹامن اور معدنیات پائ جاتی ہیں ۔ پھل کے معیار کاتعین اس کی عمل کاری ،بیج ، موسم ، سورج کی روشنی، پختگی ،ذخیرہ کرنے کا درجہ حرارت، ذرائع نقل و حمل پہ ہوتا ہے۔ پھلوں کے انتخاب کے وقت اس کی رنگت، خوشبو اور اس کی پختگی کو مد نظر رکھنا چاہئے ۔
ان بےشمار فوائد رکھنے والے ان ذائقے دار پھلوں کا استعمال یقیناً ہماری اچھی صحت کا ضامن ہو گا کیونکہ یہ اللّٰہ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک ہے ۔ ہم اللہ سے دعاگو اور اپنے اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال سائنسدانوں سے پر امید ہیں کہ جلد ہمیں یہ پھل وافر مقدار اور کئ اقسام میں مل سکے گا۔۔

—————————–*
کرن نورین کراچی


ضروری نوٹ

الف نگری کی انتظامیہ اور ادارتی پالیسی کا اس مصنف کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا نقطہ نظر پاکستان اور دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں قارئین تک پہنچے تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 700 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، سوشل میڈیا آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعار ف کے ساتھ  ہمیں ای میل کریں۔ آپ اپنے بلاگ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنک بھی بھیج سکتے ہیں۔

Email: info@alifnagri.net, alifnagri@gmail.com