انسانوں کو اللّٰہ نے اشرف المخلوقات کہا ہے انسانوں کو سب پر برتری دی فضیلت دی پوری انسانیت کو اپنا کنبہ قراردیا،ان میں ہدایات کے لیے انبیاء مبعوث فرمائے کہ اللّٰہ کی واحدانیت اور محبت واخوت کو فروغ دیں اورباہم نفرت وعداوت،ظلم وعدوان،فساد فی الارض ،نسلی،وطنی ،لسانی اورعصبیت کی دیگر تمام قسموں کو حرام بتایا،آسمانی کتابوں اوراپنے رسولوں کے ذریعہ انسانی جان ومال اورعزت وآبرو کا تقدس لوگوں کے دلوں میں بٹھایا۔
یہ وہ مہینہ ہے جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کی راہ پر قربان کرنا چاہا مگر اللہ تعالی کو یہ منظور نہ تھا اسلئے اللہ تعالی نے
فرشتے کے ذریعے دمبہ ذبح کیا اور بتایا کہ یہ قربانی تمہارے لیے ہر اس فرق کو دور کرے گی جو اللّٰہ اور اس کے احکامات کے درمیان ہوگا۔
اللہ رب العزت، ھمیں ان دنوں کی سعادتوں کو حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یا رب العالمین ماہ ذُوالحجّہ اللہ تعالی کا پسندیدہ بندہ بننے کے لیے ایک گولڈن چانس ہے۔لہذا اپنے ساتھ مُخلص ہو کر خُوب کوشش کریں۔
جذباتی کمزوریوں سے نکلنے کی کوشش کریں،خود کو مضبوط کریں
دوسروں سے محبتیں، توقعات رکھنے کی بجائے۔۔ دوسروں کو دینے والے بنیں۔ اپنے دل سے حسد ،بغض، نفرت ،غصہ،انا پرستی نکالنے کی کوشش کریں.
قبروں میں پڑے عذاب میں مُبتلا مُردوں کی یہ تمنا ہوتی ہو گی کہ کاش دوبارہ کچھ لمحات کی زندگی مل جائے جس میں توبہ اور کوئی عمل صالح کر کے وہ موقع ہاتھ میں کر لیں۔جبکہ اہل دنیا اپنی پُوری پوری عمریں غفلت میں گزارنے میں لگے ہیں اور بہت سے تو گناہوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔کیا پتہ پھر کبھی ہمیں یہ دن نصیب ہوں نا ہوں؟ذوالحجہ کے اہم ترین دنوں کی قدر کریں اور فائدہ اٹھائے۔روزے رکھیں، صدقات کریں و دیگر مسنون نیک اعمال کریں
ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کو کوئی نیک عمل کسی دن میں اس قدر پسند نہیں ہے جتنا کہ ان دنوں میں کیا گیا عمل پسند ہے یعنی عشرہ ذوالحجہ میں (کیا گیا عمل)۔
• صحابہ نے کہا: اے اللہ کے رسول ! کیا جہاد فی سبیل اللہ بھی نہیں؟
• آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں، جہاد فی سبیل اللہ بھی نہیں
• مگر جو شخص اپنی جان اور مال لے کر نکلا ہو اور پھر کچھ واپس نہ لایا ہو
ایک نظر ڈالیے اس عالمی عبادت کے عالمی درس مساوات پر اورخود فیصلہ کیجیے،اسلام کیا چاہتا ہے اوراس عبادت کے کیا مقاصد ہیں؟حج کی شروعات احرام سے ہوتی ہے،احرام میں مساوات کا خوبصورت منظر دیکھئے، سب ایک ہی لباس میں ایک ہی 2 چادریں کوئی قیمتی ملبوسات نہیں عاشقی کا لباس پہنے ایک نعرہ لگاتے لبیک،اللھم لبیک،لبیک لاشریک لک لبیک ان الحمدوالنعمۃلک والملک لاشریک لک” کوئی امتیاز نہیں کوئی آنچ نیچ کا فرق نہیں آخری خطبہ میں رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“کسی کو عجمی پر نا عجمی کو عربی پر نا کالے کو گورے پر نا گورے کو کالے پر فوقیت ہے سب برابر ہیں”
احرام باندھنے کے بعد سب ہی احکامات ایک ہیں کسی کے لیے زیادہ نہیں نا کسی کے لیے کم۔
طواف کے لیے مطاف سب کا ایک،سبھوں کے لیے طواف کی ابتدا کا مقام بھی ایک(یعنی حجر اسود کا سامنا)،طواف کے طریقے بھی ایک،سب کو سات چکر لگانا،کون ہمارے آگے چل رہاہے اورکون ہمارے دائیں،بائیں اورپیچھے،اس کی تلاش وجستجو نہیں،سب ایک ہی گھر کعبہ شریف کا چکر کاٹ رہے ہیں۔ ایسا منظر جس میں ہر کوئی رنگ خدا میں ڈوبا ہوا ہوتا ہے انہیں اداؤں اوروفاؤں کے ساتھ صفا ومروہ کے درمیان سات راؤنڈ لگاناہے،سعی مکمل ہوگئی،اب جاؤ،نائی کی تلاش کرو،سب اپنے سر کے بال منڈاؤ،اگر خواتین ہیں تو انگلی کے ایک پورے کے برا بال کاٹ لیں،یہ حکم سب کے لیے،خواہ وہ زلف کے دلدادہ ہوں یا لمبے بالوں کے شوقین،مساوات وبرابری کا یہ عملی مشق حج کے تمام ہی ارکان میں نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ 8 زلحجہ کو سب منع میں پہنچ جاتے لبیک کی صدائیں لیے پھر 9 زلحجہ کو یوم عرفات کے دن تو منظر ہی کچھ الگ ہوتا۔۔ وقوف عرافات میں تاحد نگاہ انسانوں کا سیلاب، دھوپ کی تمازت،کھلا آسمان،گرم زمین،ننگے سر،سب اپنے رب میں محو،ذکر وفکر،تلاوت ودعا زبانوں پر اپنے گناہوں کا اعتراف،عصر کے بعد اپنے خیموں اورسایہ گاہوں سے نکل کر آسمان کی چھت کے نیچے گرمی سے بے حال پسینہ سے شرابور قبلہ رخ ہوکر کھڑے ہوئے ساری دنیا سے بے خبر دعاؤں میں مشغول حاجیوں کی حالت زار دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے،سب غروب آفتاب کے منتظر،غروب سے پہلے کوئی بھی ہوعرفات سے قدم نہیں نکال سکتا، سورج غروب ہوا،سب اپنے سامانوں کو اپنے کاندھوں پر لیے مزدلفہ کی طرف نکل پڑے مزدلفہ میں کوئی خیمہ نہیں کھلی ہوا میں پتھریلی جگہ پر ذکر خدا وند کرتے۔ مزدلفہ کے بعد رمی جمرات، پھر قربانی،حلق اورطواف زیارت الغرض تمام اعمال حج جس طرح بندوں کو رب کے قریب کرتے ہیں۔
از: سدرہ سجاد
de10thless@
سدرہ سجاد
ضروری نوٹ
الف نگری کی انتظامیہ اور ادارتی پالیسی کا اس مصنف کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا نقطہ نظر پاکستان اور دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں قارئین تک پہنچے تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 700 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، سوشل میڈیا آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعار ف کے ساتھ ہمیں ای میل کریں۔ آپ اپنے بلاگ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنک بھی بھیج سکتے ہیں۔
Email: info@alifnagri.net, alifnagri@gmail.com
Add Comment